پاکستان کرکٹ بورڈ نے آپریشنل مشکلات کے وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کو موخر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائز مالکان کے ورچوئل اجلاس میں لاجسٹک مسائل اور دیگر رکاوٹوں کی وجہ سے ابوظہبی میں مقابلوں کے پلان کو ناقابل عمل قرار دیا گیا۔ اس ضمن میں نیا بجٹ بھاری ہونے کی وجہ سے میچز بعد میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے ابتدائی 14 میچز فروری میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے تاہم لیگ میں شامل متعدد کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد لیگ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں یکم مئی سے کراچی میں ہی بقیہ تمام میچز کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارت میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے پی سی بی کا 7 رکنی وفد وہاں موجود تھا اور ابو ظہبی میں تمام میچز کرنے پر اتفاق بھی کرلیا گیا تھا تاہم بورڈ کو آپریشنل مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث لیگ ایک بار پھر موخر کردی گئی ہے۔