ایئر چیف نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے استوار ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق عراق کے نائب وزیر دفاع سیکرٹری جنرل جبار تھیجل متلگ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے کئی شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عراق کے نائب وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے استوار ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمیت خلائی، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اور نیش ٹیکنالوجیز میں بین الاقوامی ترقی نے قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں اور پاک فضائیہ ان ٹیکنالوجیز کے حصول اور ترقی پر پوری توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔
ملاقات میں معزز شخصیات نے دونوں فضائی افواج کے مابین خاص طور پر تربیت اور آپریشنل شعبوں میں پہلے سے استوار تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔