پرویز اشرف نے کہا ہےکہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے جرمنی کے سفیرنے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
راجہ پرویز اشرف نے جرمنی کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں، پارلیمانی سفارتکاری اور قومی اسمبلی اور جرمن پارلیمنٹ کے درمیان تعاون موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا ہے اور 33 ملین سے زائد پاکستانی بے گھر ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان میں جرمنی کے سفیر مسٹر برن ہارڈ شیلاگیک نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی پی یو کے ذریعے عالمی فنڈ کے لئے قومی اسمبلی کے مطالبے کی حمایت کا یقین دلایا۔
بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان میں ناروے کے سفیر مسٹر پر البرٹ الاساس نے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون، اقتصادی تعلقات اور ملک میں حالیہ سیلاب کی صورتحال سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان ناروے کو اپنا وفادار دوست اور اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور اپنے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین پارلیمنٹ کے تجربات میں اضافے کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک کی پارلیمانوں اور اراکین پارلیمنٹ کے درمیان تعاون اور رابطوں کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہونگے۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے دکھوں کا مداوا کرنے کے لئے روانڈا میں ہونے والی 145ویں آئی پی یو کانفرنس کے ایجنڈے میں ایک ہنگامی ایجنڈا آئٹم کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس کا مقصد پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنا ہے۔
اس موقع پر ناروے کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے بے پناہ نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔