پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، چودھری شجاعت

سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے آفس ہیڈ برائے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کلارا سٹرینڈوج  سے ملاقات کی جس میں شافع حسین اور سالک حسین بھی موجود تھے۔

اس موقعے پر ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے، موجودہ ملکی و عالمی سیاسی صورتحال، برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر اظہار تعزیت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں چودھری شجاعت حسین نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں برطانوی امداد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جو دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں، اس کا ثبوت حالیہ دنوں میں برطانوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا دورہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سے دوسرے ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمد کی راہ بھی ہموار ہو گی۔

کلارا سٹرینڈوج نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، برطانیہ کی حکومت اور عوام دونوں کی طرف سے امداد بھیجی جا رہی ہے۔

جاوید اختر چٹھہ، رانا خالد، مسلم لیگ ناروے کے صدر محمد رزاق اور برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے پولیٹیکل ایڈوائزر طلال رضا بھی ملاقات میں شریک تھے۔

Best Car Accident Lawyer