پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی انڈونیشیا کے سفیر آدم ملاورمان ٹگیو سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی و پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ترقی پذیر ممالک کے لئے بڑا خطرہ ہیں، پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
راجہ پرویز اشرف کا یہ بھی کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بننے والی زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ زہریلی گیسوں کے اخراج کی وجہ سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں میں بڑا حصہ ترقی یافتہ ممالک کا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ضروری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشین سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انڈونیشیا کے سفیر نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،،انڈونیشیا کے عوام اور حکومت دکھ کی گھڑی میں پاکستان کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
ملاقات میں انڈونیشین سفیر آدم ملاورمان ٹگیو نے موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان کے ازالہ کے لئے عالمی فنڈ کے قیام کے لئے سپیکر کی تجویز سے اتفاق کیا جبکہ انہوں نے انڈونیشیا کی جانب سے آئی پی یو کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی موقف کی تائید کا یقین دلایا۔