‘ووٹ کو عزت دو’ کہنے والے غیر منتخب شخصیت کی زیرصدارت اجلاس میں شریک ہوئے، علی محمد خان

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وفد سے ملاقات کا وعدہ کرنے کے باوجو ‘غیر منتخب شخص’ کی صدارت میں اجلاس میں شر کت کی۔

قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو مخاطب کرکے علی محمد خان نے کہا کہ ‘جب آپ لوگ بھی کوئی وعدہ کریں تو پورا کریں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پچھلے ہفتے آپ لوگوں نے وعدہ کیا تھا کہ آپ لوگ آئیں گے اور پارلیمنٹ کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے اسپیکر آفس میں بیٹھ کر تبادلہ خیال ہو گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کم از کم آپ کو بتانا ضروری تھا کہ کیوں نہیں آرہے ہیں کیونکہ کوئی شریف آدمی وعدہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے اور قرآن بھی کہتا ہے کہ وعدہ کرو تو پورا کرو، تو ہم کل آپ لوگوں کا انتظار کرتے رہے لیکن آپ لوگ پتہ نہیں کدھر تھے’۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس میں نائب صدر مریم نواز کی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ‘آپ لوگ شاید وہاں تھے جہاں ایک غیر منتخب شخصیت اپوزیشن کے 100 اراکین کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پھر ہمیں کہا جاتا ہے کہ ووٹ کو عزت دو، آپ نے کل بڑی عزت دی ووٹ کو، لاکھوں ووٹ لینے والوں نے ایک غیر منتخب شخصیت کے نیچے اس مقدس پارلیمنٹ ہاؤس میں شرکت کی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘آپ بے شک جا کر مسلم لیگ (ن) کے سینٹرل آفس میں اجلاس کریں لیکن جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کا تقاضا ہے کہ اس مقدس ایوان کے سائے میں جتنے اجلاس ہوں منتخب لوگوں کی صدارت منتخب لوگ کریں’۔