محمود خان نے کہا ہے کہ وفاق سے ہم اپنا حق چھین کر رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر کابینہ کے فیصلوں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کے لیے مالی مسائل پیدا کر رہی ہے اور وفاق خیبر پختونخوا کے حوالے سے اپنے آئینی فرائض سے پہلو تہی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے صوبے کو پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں آج تک کوئی ادائیگی نہیں کی جو صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی اور ملک کے آئین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ وفاق سے ہم اپنا حق چھین کر رہیں گے جبکہ انہوں نے تمام محکموں کوبھی ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے کی آمدن بڑھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کفایت شعاری مہم کے تحت نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کرنے اور تمام محکموں کو اس پرسختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے غیر ترقیاتی اخراجات بشمول سرکاری دفاتر کی غیر ضروری تزئین و آرائش نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے