وزیر صحت کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلئے ہیلتھ کیمپس کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کیلئے ہیلتھ کیمپس کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی عملی اقدامات کیے جارہے ہیں، اس مشکل کی گھڑی میں عوام کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں 47 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب کے دو اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے 10 اضلاع میں 13 ہیلتھ کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ کیمپس میں پانچ سال سے کم عمر 1305 بچوں کو طبی امداد دی گئی ہیں۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں 758 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے دئے گئے اور ہیلتھ کیمپس میں 312 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں ٹائیفائڈ ، جلد کی بیماریوں اور نمونیا سمیت متعدد بیماریوں کا علاج جاری ہے۔