وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے شجاع آباد میں پاک فوج کی گاڑی کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے باغ کے علاقے شجاع آباد میں پاک فوج کی گاڑی کے حادثے میں جام شہادت نوش کرنے والے 9 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے حادثے میں زخمی ہونے والے جوانوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی اور شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کے بہادر سپوتوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی گاڑی کو شجاع آباد کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 9 جوان شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی گاڑی کو باغ کے علاقے شجاع آباد کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، گاڑی فوجی ڈیوٹی کے دوران ایک نالے میں گر گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حادثے میں 9 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ تمام شہداء کی نماز جنازہ منگلا گیریژن میں ادا کردی گئی ، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور دیگر فوجی حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہدا کے جسد خاکی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیے گئے۔