وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فی الفور 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے صوبائی وزراء اور ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں چودھری پرویزالہٰی نے ’’وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ قائم‘‘ کرنے کا اعلان کیا۔

چودھری پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فی الفور 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخیر حضرات اپنے مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آئیں، وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ کی پائی پائی متاثرین کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

چودھری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کی پوری مشینری مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد میں مصروف ہے، میری ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل متاثرہ علاقوں میں خود امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تونسہ، ڈی جی خان اور راجن پور میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دلی دکھ اور افسوس ہے، اس تباہی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، جو کچھ انسانی بس میں ہوا، آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کیلئے کر گزریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت پنجاب کی پہلی ترجیح ہے، پنجاب حکومت اس مشکل کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب حکومت متاثرین کی دوبارہ آبادکاری تک چین نہیں بیٹھے گی۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں میں پاک فوج کا تعاون لائق تحسین ہے، سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کو اس کا حق دیا جائے گا،انشاءاللہ قوم کی تائید و حمایت سے اس چیلنج سے بھی سرخرو ہو کر نکلیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج قابل فخر ادارہ ہے جو ناگہانی صورتحال سے دوچار لوگوں کی مدد میں بھی پیش پیش ہے، فوجی جوان سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ پاک فوج کے دستوں نے لوگوں کی بروقت مدد کی اور محفوظ انخلاء کو یقینی بنایا جس پر کورکمانڈر ملتان کا تہہ دل سے مشکور ہوں، پاک فوج کے تعاون سے کئی قیمتی جانوں کو پچانا ممکن ہوا۔

ملاقات کرنے والوں میں غضنفر عباس چھینہ، شہاب الدین خان، محمد عامر عنایت شاہانی، غضنفر عباس شاہ، غلام علی اصغر خان لہری، گلریز افضل گوندل، تیمورعلی لالی، سردار محمد محی الدین خان کھوسہ، محمد علی رضا خان خاکوانی، محمد اعجاز حسین اور محمد احسن جہانگیرشامل تھے جبکہ سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی بھی اس موقع پرموجود تھے۔

Best Car Accident Lawyer