وزیراعظم شہبازشریف کل دو روزہ دورہ قطر پر کل روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر 23 سے 24 اگست 2022 تک قطر کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے جبکہ یہ وزیراعظم کا پہلا دورہ قطر ہوگا۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 23، 24 اگست کو قطر کا پہلا دو روزہ دورہ کریں گے، وزیراعظم، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دوحہ جائیں گے۔
‘وزیراعظم قطری قیادت سے متعدد امور پر وسیع مشاورت کرینگے’
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطح وفد بھی قطر جائے گا جبکہ وزیراعظم قطری قیادت سے متعدد امور پر وسیع مشاورت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے پاک، قطر دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، توانائی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع تلاش کرنے پر بھی توجہ مرکوز ہو گی اور دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو ہوگی جبکہ وزیراعظم، قطری اور پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے۔
‘وزیراعظم دوحہ میں “اسٹیڈیم 974” کا بھی دورہ کرینگے’
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم دوحہ میں “اسٹیڈیم 974” کا بھی دورہ کرینگے اور انکو فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔