وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف افغان عہدار نوازشریف سے ملاقات کے بعد بھارتی خفیہ اہلکاروں سے ملے ، کیا نواز شریف نے پاکستان مخالف حمد اللہ محب سے ملاقات سے پہلے اپنی پارٹی کو اعتماد میں لیا؟ن لیگ حمد اللہ محب اور نوازشریف کی ملاقات کی آڈیو ٹرانسکرپٹ قوم کے سامنے رکھے،،وزیراعظم عمران خان خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتے اور نہ اپنے اداروں کے خلاف بیانات دیتے ہیں،بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی کوشش کی ، اب بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں،بدقسمتی سے بھارت میں انتہا پسند آر ایس ایس نظرئیے کے حامل اقتدار میں ہیں۔ ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے مشیر احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغان مشیر کی نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے،نواز شریف پاکستان سے مفرور ہیں اور لوٹی گئی دولت سے خریدے گئے فلیٹس میں مقیم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ افغان عہدیدار حمداللہ محب اور امر اللہ صالح کے خاندان بیرون ملک مقیم ہیں،حمد اللہ محب نے پاکستان کے خلاف جس نفرت ا نگیز اور غلیظ زبان کا استعمال کیا وہ دہرائی نہیں جا سکتی،پاکستان نے افغان قومی سلامتی مشیرکے دفتر سے تمام رابطے ختم کردیئے ہیں، پاکستان نے افغان قیادت پر واضح کر دیاہے کہ افغان سلامتی مشیر سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان مخالف افغان باشندے نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد بھارتی خفیہ اہلکاروں سے بھی ملاقات کی،پاکستان نے ہرمشکل میں افغانستان کا ساتھ دیا،ہم ا فغانستان میں ایک ایسی حکومت کیلئے کوشاں ہیں جس پر تمام افغان گروہ متفق ہوں۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پاکستان نے کئی برسوں تک 50لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، کیا نواز شریف نے پاکستان مخالف حمد اللہ محب سے ملاقات سے پہلے اپنی پارٹی کو اعتماد میں لیا؟، کیا نواز شریف نے حمد اللہ محب سے ملاقات کے بارے میں اپنی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو آگاہ کیا؟ نواز شریف تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، کیا انھیں پاکستان مخالف شخص سے ملاقات کرنی چاہیے تھی؟ وزیراعظم عمران خان خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتے اور نہ اپنے اداروں کے خلاف بیانات دیتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہاکہ بھارت نے ہمارے مغربی سرحد کے ملک کو پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کیا،بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کی کوشش کی اور اب بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں،بدقسمتی سے بھارت میں انتہا پسند آر ایس ایس نظرئیے کے حامل اقتدار میں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ حمد اللہ محب اور نوازشریف کی ملاقات کی آڈیو ٹرانسکرپٹ قوم کے سامنے رکھے۔ انہوںنے کہاکہ امر اللہ صالح اگر بیس سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد بھی اپنے ملک کو استحکام نہیں دے سکے تو انھیں اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہاکہ ہم افغان عوام کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔