نواز شریف سے ملاقات کے بعد حمزہ شہباز کا ممنوعہ فنڈنگ کیس منطقی انجام تک پہنچانے کا اعلان

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ان کی چار سال بعد نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے،بیٹھتے ہیں تو سیاست پر بھی بات ہوتی ہے، میاں نواز شریف پاکستان کی سیاست کا محور ہیں، جب بھی پارٹی اور ڈاکٹر مناسب سمجھیں گے وہ پاکستان واپس آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کو منطقی انجام پہنچایا جائے۔ آج پاکستانی قوم اس شخص سے پوچھ رہی ہے جو انا کے پہاڑ پر بیٹھا ہوا چور ، ڈاکو کہتا تھا  اور کہتا تھا کہ میں نہیں تو پاکستان کی نیوکلیئر طاقت ختم ہوجائے گی۔قوم پوچھ رہی ہے کہ کہاں کہاں سے پیسے آئے ہیں؟ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے، ڈکلیئرڈ صادق اور امین اس بات کا جواب دے۔