نجی ریل کمپنی کی طرف سے چلائی جانے والی تھل ایکسپریس کا ٹکٹنگ سسٹم ہیک ہوگیا ، ہیکر نے ہر جاری ہونے والے ٹکٹ پر نازیبا جملے لکھ دیئے ۔
بول نیو ز کے کانٹینٹ سیل کے مطابق راولپنڈی ملتا ن کے درمیان براستہ میانوالی چلنے والی تھل ایکسپریس کے ٹکٹنگ سسٹم کو ہیک کرلیا گیا جس کے بعد جاری ہونے والے تمام ٹکٹوں پر نازیبا جملے لکھے دیےگئے۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد عمران انٹر پرائزز نے ڈی ایس ریلوے راولپنڈی کو ہیکر کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے 30 ستمبر کو تحریری درخواست دی ۔
یکم اکتوبر کو تھل ایکسیریس کے جاری ہونے والے تمام ٹکٹوں پر لکھا جا رہا ہے کہ (سافٹ دئیر ہیک بائے ایس جمیل اینڈ کو) سافٹ وئیر کو ایس جمیل اینڈ کو کی طرف سے ہیک کیا گیا تھا۔
ڈی ایس پی ریلوے راولپنڈی کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ میں عمران انٹرپرائزز، تھل ایکسپریس کا کنٹریکٹ میرے پاس ہے ،میں بطور آئی ٹی انچارج ، بکنگ آفس میں کام کر رہا ہوں 30 ستمبر کو جب ٹکٹ دینے کا کام شروع کیا تو ہمیں معلوم ہوا کہ ہمارا سافٹ ویئر ہیک کر لیا گیا ہے،ٹکٹ پرنٹ کی صورت میں چند نازیبا کلمات ٹکٹ پر پرنٹ ہو رہے ہیں نامعلوم ہیکرز کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور کارروائی کی جائے تا کہ آنے والے وقت میں ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہ بنے ۔
تھل انتظامیہ نے ہیکرز کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں بھی درخواست دے دی ہے۔
بول نیوز سے بات کرتے ہوئے عمران انٹر پرائزز کے مالک عرفان بھٹی نے کہاکہ ہم نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے ریلوے او ر ایف آئی اے کو درخواست دے دی ہے ۔اس ساری ہیکنگ میں نجی کمپنی ایس جمیل ملوث ہے ۔ہمارا ڈیویلپیر ہیکر تک پہنچ گیاہے جس نے ہمارے سسٹم کو ہیک کرکے ٹکٹوں پر نازیبا جملے لکھے ۔
ان سے سوال کیاگیاکہ آپ کی آج جاری ہونے والی ٹکٹوں پر لکھا جا رہا ہے کہ سافت وئیر ایس جمیل اینڈ کو نے ہیک کیا ہوا تھا جس پر انہوں نے کہاکہ یہ بھی ہیکر نے دوبارہ صبح لکھا ہے ہم نے نہیں لکھا ہے ۔ہیکر کی تفصیلات ابھی آپ کو نہیں بتاسکتے تمام ثبوت اکھٹے کرنے کے بعد میڈیا کو بتائیں گے ۔
واضح رہے کہ ایس جمیل کمپنی بھی اسی روٹ پر مہر ایکسپریس چلارہی ہے جو راولپنڈی سے ملتان جاتی ہے ۔ایس جمیل کمپنی کے اعلیٰ حکام سے اس الزام پر رابطہ کیاگیا تو انہوں نے اس حوالے سے کسی قسم کا موقف دینے سے انکار کردیا۔