احسن اقبال نےکہا ہے کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت وزارت منصوبہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ، سپورٹس بورڈ اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ منصوبہ کی کل لاگت 2.9ارب روپے تھی مئی 2018 تک 2.2 ارب خرچ ہو چکے تھے، نیب کیس کی وجہ سے منصوبہ پہ 2018 سے کام روک دیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیسپاک نے رپورٹ پیش کی کہ بقایا 78 کروڑ روپے کی بجائے منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے اب 2.9 ارب روپے درکار ہونگے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کا کہنا تھا کہ منصوبے پہ تاخیر کی وجہ سے کنٹریکٹر کلیمز اور قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے 2.2 ارب روپے کی اضافی لاگت آئیگی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2.2 ارب کی اضافی لاگت کا کون ذمہ دار ہے؟ عمران نیازی اور سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال سے وصول کیا جانا چاہیے۔ منصوبے کو سیاسی انتقامی کاروائی کا نشانہ بنا کر ملک کا اربوں روپے کے نقصان کا کروایا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے اور نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ملک میں ایسے درجنوں منصوبے بنائیں گے۔