شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار یاسر حسین نے غیر ملکی اداکاروں کو ’عالمی کچرا‘ کہنے کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ان کی جاری کردہ پوسٹ کو غلط رنگ دیتے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستانی شوبز شخصیات میں غیر ملکی ڈراموں اور خصوصی طور پر ’ارطغرل غازی‘ کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کرنے کے معاملے پرپاکستان میں اس کی نشریات کے آغاز کے وقت ہی سے بحث و تکرار کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری ہے۔
ارطغرل غازی کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے پر کچھ شوبز شخصیات کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا تھا ان میں یاسر حسین بھی شامل تھے۔ یاسر حسین نے شروع سے ہی نہ صرف ترک ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کرنے کی مخالفت کی تھی بلکہ انہوں نے ڈرامے کی اداکارہ اسرا بیلگچ کو پاکستانی کمپنیوں کا برانڈ ایمیسڈر مقرر کرنے کی بھی مخالفت کی تھی۔
علاوہ ازیں یاسر حسین، ارطغرل غازی اور ان کی کاسٹ کو پاکستان میں حد سے زیادہ سراہنے پر بھی ان پر تنقید کرتے آئے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک بار پھر ترک اداکاروں کو مبہم انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ یاسر حسین نے حال ہی میں اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ارطغرل غازی کے مرکزی کرداروں کا لباس پہن کر فوٹوشوٹ کروانے والے 2 پاکستانی نوجوانوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ترک اداکاروں کا نام لیے بغیر ہی ان پر تنقید کی تھی۔
یاسر حسین نے ترک ڈرامے کے کرداروں کا روپ دھارنے والے پاکستانیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ تصویر والوں کو ’ان کو کوئی نہیں پوچھے گا، کیوں کہ گھر کی مرغی دال برابر اور باہر کا کچرہ بھی مال برابر‘۔ تاہم انہوں نے اپنی اس اسٹوری میں ارطغرل غازی ڈرامے یا اس کے کرداروں کا نام نہیں لیا تھا۔
یاسر حسین کی مذکورہ اسٹوری پر اگرچہ انہیں کئی افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم جب اداکار کی اسی اسٹوری کو ایک شوبز میگزین کے انسٹاگرام اکاونٹ پر شیئر کیا گیا تو ماڈل انوشے اشرف نے یاسر حسین کی اسٹوری پر انہیں سمجھانے کی کوشش کی تھی جس پر یاسر حسین نے بھی جواب دیا تھا۔ تاہم یاسر حسین کے بیان اور پھر انوشے اشرف کے جواب پر انہیں مزید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر اداکار نے وضاحت دی ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے ناقدین پر طنز بھی کیا ہے۔
اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے یاسر حسین نے لکھا کہ میری ہر بات کو ترک ڈرامے کی کاسٹ سے مت جوڑیں، میں اداکاروں کی بہت عزت کرتا ہوں، آپ سے بھی زیادہ۔ انہوں نے لکھا کہ باتوں کو گھما کر خبریں مت بنائیں، میرے علاوہ بھی دنیا میں بہت کچھ ہے۔
اس کے ساتھ ہی یاسر حسین نے خود پر تنقید پر انوشے اشرف پر طنز کیا اور لکھا کہ شہرت کے لیے لوگ کیا کیا کچھ کر لیتے ہیں، انوشے اگر آپ کو میری پوسٹ سے اتنا مسئلہ تھا تو مجھے واٹس ایپ کردیتیں، پوسٹ پر کیوں بتایا؟ بات کا بتنگڑ بنادیا۔
یاسر حسین نے کہا کہ ’میں نے کبھی بھی کسی کی تذلیل کرنے کی کوشش نہیں کی ہے اور اگر کوئی فرد ان کی باتوں کو غلط رنگ دیتا ہے تو وہ اس کی اپنی سوچ ہو سکتی ہے جس کے لیے وہ سوائے دعا کے کچھ نہیں کرسکتے۔