شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک سیلاب کے ساتھ قرضوں میں بھی ڈوب چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام فضل الرحمان، زرداری،نوازشریف اور شہباز کی اصلیت جان چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں حکومت 2 ووٹوں کے سہارے کھڑی اور ڈگمگا رہی ہے جبکہ حکومت صرف ایک جھونکے کی مہمان ہے،ایک جھونکا آیا تو یہ حکومت بھی ختم ہو جائے گی۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ان لوگوں نے قومی خزانے کے 1100 ارب روپے کی ڈکیتی کی، یہ لوگ اقتدار میں آئے اور سب سے پہلے نیب قانون کو تبدیل کیا،یہ لوگ عوامی کی نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی عملا ختم ہو چکی ہے جبکہ سیاسی تجربہ کہہ رہا ہے کہ یہ حکومت اب چند دنوں کی مہمان ہے، پاکستان کے عوام ایک بار پھر عمران خان کو ملک کا وزیراعظم بنائیں گے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان 8 ستمبر کو ملتان آرہے ہیں،ملتان بابر چوک فاطمہ جناح ٹاؤن میں عمران خان کا جلسہ ہو گا۔