ملکہ ترنم نورجہاں کی بیٹی نازیہ اعجاز خان نے اپنی والدہ اور بالی ووڈ کے مرحوم لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے درمیان دوستی اور احترام سے متعلق اپنی خوبصورت یادیں شیئر کی ہیں۔
تقسیم سے قبل نورجہاں بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین گلوکارہ تھیں جو ہندوستانی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی تھیں۔ نورجہاں نے دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’’جگنو‘‘ میں کام کیا تھا۔ یہ فلم دلیپ صاحب کے کیریئر کے آغاز کی فلموں میں سے تھی۔
نازیہ نے کہا شاید وہ دلیپ صاحب کی دوسری فلم تھی۔ اس وقت میری والدہ کافی مشہور تھیں اور ان کے یہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہونے والی تھی۔ تب سے ان دونوں کی دوستی تھی اور ایک دوسرے کے لیے دونوں کے دلوں میں محبت اور احترام تھا۔
نازیہ نے بتایا جب میری والدہ کنسرٹ کے لیے بھارت گئیں دلیپ صاحب اسٹیج پر گئے اور کہا ’’میڈم آپ 35 برس بعد انڈیا آئی ہیں اور ہم 35 سال سے آپ کا انتظار کررہے ہیں ۔ ‘‘
دلیپ صاحب نے میری والدہ کا انٹرویو بھی کیا اور یہ پہلی بار تھا جب دلیپ کمار خود کسی کا انٹرویو کررہے تھے۔ اس انٹرویو میں آپ ان دونوں کی ایک دوسرے کے لیے دوستی اور محبت دیکھ سکتے ہیں۔
نورجہاں کی صاحبزادی نے مزید بتایا دلیپ صاحب کو موسیقی سے محبت تھی اورشاید یہی حقیقی وجہ تھی میری والدہ اور دلیپ کمار کے درمیان اتنی محبت کی۔ جب میری والدہ بھارت گئیں تو دلیپ کمار اور یش چوپڑا نے بومبے میں ان کی میزبانی کی۔ اور دلیپ کمار نے ان سے ’’دل ہی دل میں سلگ کر بجھے ہم‘‘ گانے کی فرمائش کی۔ یہ ایک بہت مشکل غزل تھی لیکن دلیپ صاحب کی پسندیدہ تھی۔ میری والدہ اور دلیپ کمار کی بہت ساری یادیں ہیں۔
واضح رہے کہ برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار 7 جولائی 2021 کو اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کو غم زدہ چھوڑ کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے چلے گئے۔ بھارتی لیجنڈ اداکار کی موت پر دونوں جانب کےفنکار، سیاستدان اور عوام رنج و الم اور افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔