مزید ممکنہ بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے، شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مزید ممکنہ بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں انہوں نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے یورپی یونین کے صدر کا اظہارِ ہمدردی اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے یورپی یونین کی جانب سے 2.15 ملین یورو کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

شہبازشریف نے یورپی یونین کے صدر کو غیرمعمولی بارشوں سے پاکستان بھر میں ہونے والی وسیع پیمانے پر تباہی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے انسانی جانوں، روزگار، مویشیوں، فصلوں، نجی املاک اور انفراسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ دو ماہ سے زائد سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

شہبازشریف نے یورپی یونین کے صدر کو حکومت کی سیلاب متاثرین کیلئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا جس میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں خوراک، ادویات اور امدادی سامان کی فوری ترسیل اور تقسیم شامل ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک بھر کے لوگوں کے لئے ایک ریلیف فنڈ بھی قائم کیا ہے اور بیرون ملک مقیم لوگوں کے لئے سیلاب کی امدادی کوششوں میں عطیات دینے کے انتظامات کئے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی فلیش اپیل منگل کو شروع ہو گئی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی طرف سے اعلان شدہ فنڈنگ کو پورا کرنے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔

Best Car Accident Lawyer