لاہور: مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے والے ملزم کی ضمانت منظور

لاہور کی مقامی عدالت نے شاہی قلعے میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔ ملزم محمد رضوان کو اس کی درخواست ضمانت پر سماعت کے لیے ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران کیس کے تفتیشی افسر بھی ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوئے اور ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کہا کہ ملزم پر لگائی گئی دفعات قابل ضمانت ہیں۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کر کے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ 17 اگست کو لاہور کے شاہی قلع میں نصب برصغیر سے قبل کے پنجاب کے سابق مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے والے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا تھا۔ ملزم کی جانب سے رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے کی ویڈیو 17 اگست کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم رضوان کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ہتھوڑوں سے شاہی قلع میں نصب مجسمے کو توڑ کر اسے نقصان پہنچایا تھا۔ اس واقعے سے قبل بھی رنجیت سنگھ کے مجسمے کو 2019 میں توڑا گیا تھا۔ اگست 2019 میں بھی دو ملزمان نے شاہی قلعے میں دیگر لوگوں کی موجودگی میں ہتھوڑوں سے رنجیت سنگھ کے مجسمے پر حملہ کرکے اسے توڑ دیا تھا۔