ڈیفنس پولیس نے پاکستانی بلے باز عمر اکمل کے گھر میں گھسنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
عمر اکمل نے 15 پر رابطہ کرکے پولیس کو بتایا تھا کہ مسلح افراد نے ان کے گھر میں گھس کر انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
عمر اکمل نے الزام لگایا کہ ملزمان مبینہ طور نشے کی حالت میں تھے۔
پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں نامزد ایک ملزم کی شناخت شیخ علی کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ملزمان، کار کے ذریعے ڈیفنس فیز 5 میں واقع عمر اکمل کے گھر پہنچے تھے اور انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ عمر اکمل کے مداح ہیں اور ان کے ساتھ سیلفی لینا چاہتے ہیں۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے الزامات اور غلط ارادے سے عمر اکمل کے گھر میں داخل ہونے کی تردید کی۔
ملزمان نے دعویٰ کیا کہ واقعہ عمر اکمل کے گھر کے باہر اس وقت پیش آیا جب انہوں نے عمر اکمل کو روک کر سیلفی لینے کی کوشش کی، لیکن کرکٹر ناراض ہوگئے۔
پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گاڑی پولیس کی تحویل میں ہے اور واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، عمر اکمل جانب سے لگائے گئے الزامات کی تصدیق کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔