پی ڈی ایم کی جانب سے 26 مارچ کو لانگ مارچ کے اعلان پر شیخ رشید نے کہا کہ مولانافضل الرحمان اب کبھی راولپنڈی کانام نہیں لیں گے، مولانا اور پی ڈی ایم رہنما اسلام آباد کا چکر لگا کر واپس چلےجائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت اپنے5سال پورےکرےگی، لانگ مارچ سےحکومت کوکوئی فرق نہیں پڑےگا۔
میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 26 مارچ سے پاکستان بھر سے قافلے اسلام آباد کے لیے چلنا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 10 فروری کو سرکاری ملازمین اسلام آباد آرہے ہیں، پی ڈی ایم اُن کی مکمل حمایت و تائید کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’سینیٹ انتخابات سےمتعلق حکومت کی مجوزہ ترمیم (شو آف ہینڈ) اور جسٹس(ر)عظمت سعیدکی سربراہی میں براڈشیٹ کمیشن کو پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے مسترد کردیا ہے‘۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایوانوں میں ہمارے احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا اور ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ’سینیٹ الیکشن ہوجانےدیں پھراستعفوں کاجواب بھی مل جائے گا، ہم نے کبھی روالپنڈی میں فیلڈ کا اعلان نہیں کیا بلکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کا نام لیا تھا‘۔ استعفوں کے سوال پر مریم نواز نے صحافیوں کو حوصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔