سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جامعہ قاسم العلوم گلگشت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے آیا ہوں، علی موسیٰ گیلانی کی حمایت کے لیے مولانا سے بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ سے بنائی گئی پارٹی امپورٹڈ پارٹی ہے، ن لیگ کے سابق ایم این اے اور میں ایک ہیں، عمران خان ایسی باتیں کرنے والے ہیں کون؟
انہوں نے کہا کہ پہلے اپنی حکومت 2028 تک بتاتے رہے جب عدم اعتماد آیا تو کہتے ہیں الیکشن کی تاریخ دو، مشکل فیصلے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے کیے گئے، ہم نے پارٹیوں پر ملک کو ترجیح دی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سائفر کو پہلے مراسلہ پھر خط کہتے ہیں، ہمارے دور میں ایسے سائفر روزانہ آتے تھے، سائفر کے ساتھ کھیلنے کا کہا اور جلسے میں جھوٹا خط لہرا کر ملک کا نقصان کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ سائفر کو لیٹر بنا لیں اور اس سے کھیلیں، ہم نے کہا کہ فارن آفس کی وجہ سے سب کچھ ہو رہا ہے، انہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کو تنہا کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدم اعتماد کے ذریعے ان کی حکومت ختم کی، اسلام کے مطابق ہی قوانین میں ترمیم ہو سکتی ہے۔