ملک کے نامور صحافی عمران ریاض خان کے بول نیوز پر پہلے پروگرام نے ہی تہلکہ مچادیا اور پروگرام ’’عمران خان بول کے ساتھ‘‘ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
گزشتہ روز پاکستان کے نڈر اور بے باک صحافی عمران ریاض خان کا پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل بول پر پہلا پروگرام نشر ہوا جس نے ریٹنگ کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے تمام میڈیا چینلز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
عمران ریاض خان کا پروگرام ’’عمران خان بول کے ساتھ‘‘ رات 10 بجکر 5 منٹ پر نشر ہوا تو اس موقع پر 56 فیصد ناظرین نے بول نیوز کو دیکھا۔
ایسے میں عمران ریاض خان نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ‘‘ اور اے آر وائے نیوز کے پروگرام ’’سوال یہ ہے‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جن کی ریٹنگ بالترتیب 24 اور 20 فیصد رہی۔
پاکستان کے نامور صحافی عمران ریاض خان نے اپنے کیرئر کا آغاز ایکسپریس نیوز سے کیا بعد ازاں وہ جی این این اور سماء نیوز سے بھی وابستہ رہے اور اب انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ ’بول نیوز‘ کو جوائن کرلیا ہے۔
پاکستان کے نمبر ون نیوز چینل ’بول‘ پر عمران ریاض خان کا پہلا پروگرام آج رات 10 بجکر 5 منٹ پر نشر ہوا جس میں انہوں نے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو مدعو کیا جنہوں نے ’امپورٹڈ حکومت‘ کے خلاف کھل کر بات کی۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک نہیں چل رہا اور یہ کوئی مذاق ہے کہ ان کی ڈیلیں ہورہی ہیں، کیسز ختم ہورہے ہیں لیکن یہ نالائق لوگ ہیں ان سے ملک نہیں چل رہا لہذا خدا کے واسطے جو ادارے سن رہے ہیں ان سے کہتا ہوں کہ اس ملک کو بچائیں اور ان سے جان چھڑائیں۔