عمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ کرپٹ ٹولے کی شکست ہے، عمر چیمہ


عمر سرفراز چیمہ

مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ کرپٹ ٹولے کی شکست ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمر سرفراز چیمہ نے عمران خان کے خلاف ایف آئی آر کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ 13 جماعتی وفاقی حکومت نے سیاسی میدان میں عمران خان سے شکست تسلیم کر لی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ 13 جماعتی کرپٹ ٹولے کی واضح شکست ہے، سیاسی میدان میں پے درپے شکست کے بعد شہباز سرکار انتہائی بزدلانہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

’کسی کے خلاف قانونی کارروائی کا کہنا کیا دہشت گردی ہے؟‘

انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف قانونی کارروائی کا کہنا کیا دہشت گردی ہے؟ رانا ثناءاللہ اور دیگر درباری ججز اور انتظامیہ کے خلاف سخت ترین زبان استعمال کر چکے ہیں۔

’کراچی نے آج 13 جماعتی مکس اچار پارٹیز کو دھول چٹا دی‘

عمر سرفراز نے کہا کہ کراچی نے بھی آج 13 جماعتی مکس اچار پارٹیز کو دھول چٹا دی ہے، امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کو گرفتار کرنے کی جسارت کی تو تمام تر حالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف مقدمہ مجسٹریٹ صدرعلی جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان نے نے ایف نائن پارک جلسے میں ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکایا ہے جبکہ عمران خان کی تقریر کو بھی ایف آئی آر کے متن کا حصہ بنایا گیا ہے۔

Best Car Accident Lawyer