جج مخالف توہین آمیز الفاظ پر توہین عدالت کیس میں عمران خان نے بیان حلفی جمع کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیان حلفی جمع کرادیا گیا۔
عمران خان نے اپنے بیان حلفی میں عدالت سے غیر مشروط معافی نہیں مانگی۔
بیان حلفی میں عمران خان نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت کے سامنے جو کہا اس پر مکمل عمل کروں گا ۔عدالت اطمینان سے مزید کچھ کہے تو اس حوالے سے مزید اقدام کرنے کو تیار ہوں ۔
انہوں نے کہا اگر جج سمجھیں کہ ریڈ لائن کراس کی ہے تو معافی مانگنے کو تیار ہوں۔ بائیس ستمبر کو عدالت میں دیے گئے بیان پر قائم ہوں اور اس پر عمل کروں گا۔
عمران خان نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا، ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ سماعت پر عدالت سے معافی مانگی تھی۔