عمران خان ریاست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، شرجیل میمن

شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ عمران خان اور اس کی پارٹی ریاست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کی توثیق سے پاکستان کو بڑی سپورٹ ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے اپنی سیاست کو بچانے کے بجائے پاکستان کو بچانے کے لئے سخت فیصلے کئے۔

وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ پوری قوم بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے میں مصروف ہے لیکن ایک شخص عمران خان اور اس کی پارٹی ریاست پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کرسی کے نشے میں ہاتھ سے کوئی موقع جانے نہیں دیتا ، ملک کے نازک معاملات کو بھی اپنی گھناؤنی سیاست کی نظر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ شوکتِ ترین اور محسن لغاری جیسے لوگ عمران خان کے جھانسے میں آ گئے ہیں، یہ ثابت ہوگیا کہ عمران خان بیرونی ایجنٹ ہے ، جس کو ریاست پاکستان سے کوئی غرض نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی پوری کوشش تھی کہ  پاکستان کسی طرح ڈیفالٹ میں چلا جائے ، سازش کے پیچھے عمران خان اور بھارت کا ہاتھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان ، آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لئے اجلاس منعقد کیا، یہ شوکت ترین اور پنجاب اور کے پی کے کے وزراء خزانہ کی سازش نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی کی اس گھناؤنی سازش کا نوٹس لیا جائے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا یہ عمل ملک کے خلاف غداری کے مترادف ہے، عوام کو بھی اب آنکھیں کھول لینی چاہیے کہ تبدیلی کا مقصد صرف پاکستان کی تباہی ہے۔

Best Car Accident Lawyer