عمران خان اپنا 300 کینال کا محل گروی رکھنے کیلئے پیش کریں، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں قوم کا درد ہے تو وہ قرض لینے کے لیے اپنے 300 کینال کا محل گروی رکھنے کے لیے پیش کریں۔

احسن اقبال نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس نالائق حکومت کے ہاتھوں ملک کو جو نقصان پہنچ رہا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ہمارے لیے چین کی حکومت کا صدی کا بہترین تحفہ تھا لیکن ہم اس کا فائدہ اس لیے نہیں اٹھا سکتے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے وہ معاشی ڈھانچہ گرا دیا ہے جس پر سی پیک کی عمارت کھڑی ہونی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ کا حجم نصف کردیا ہے، جس کے اندر 8 ارب ڈالر کا ایم ایل ون منصوبہ شروع نہیں کرسکتے، مغربی روٹ دسمبر 2018 تک مکمل ہونا لیکن اب تک ادھورا ہے۔

انہوں نے کہ سی پیک کے دیگر منصوبے جو 2018 تک مکمل ہونے تھے اس حکومت سے وہ پورے نہیں ہوئے، ایم ایل ون پر 2018 یا 19 میں کام شروع ہونا تھا کیونکہ ہمارے دور میں اس کا تمام عمل مکمل ہوا تھا صرف مالی معاہدہ مکمل کرکے کام شروع کرنا تھا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حکومت نے پاکستان کی ہائرایجوکیشن تباہ کردیا ہے، پشاور یونیورسٹی، انجینئرنگ، سندھ یونیورسٹی دیوالیہ ہوگئی ہیں اور پاکستان کی تمام یونیورسٹیاں مالی بحران کا شکار ہیں کیونکہ ہائرایجوکیشن کا بجٹ اس حکومت نے کاٹ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں جامعات اپنی فیسیں دوگنا کر رہی ہیں کیونکہ ان کو حکومت سے مالی مدد نہیں مل رہی جس کی وجہ سے غریب طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو بدترین گردشی قرضوں کے جال میں پھنسا دیا ہے، ہم نے 5 سال میں 10 ہزار ارب قرض لیا تھا، جس کے عوض 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے، 2 ہزار کلومیٹر موٹر وے بنائی اور سی پیک کو چلایا۔

پی ٹی آئی کی حکومت پرتنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈھائی سال میں 11 ہزار ارب سے زیادہ قرضہ لیا یعنی ہمارے 5 سال کے قرضوں سے زیادہ یہ دو سے ڈھائی سال میں لیا اور پورے ملک میں کوئی اینٹ نہیں لگائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ قرضہ پاکستان کو گروی رکھ رہا ہے اور اب بات یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ایف نائن پارک، اسلام آباد کلب گروی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو اگر ان کو قوم کا اتنا درد ہے تو قومی اثاثے گروی رکھنے کے بجائے اپنے 300 کینال کے محل کو پیش کریں کہ اس پر قرض لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات اب ثابت ہوگئی ہے کہ عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ، جھوٹے وعدوں اور فریب پر مبنی تھی اور ان کے پاس حکمرانی کا کوئی تجربہ تھا اور نہ وژن تھا، یہ دن بہ دن پاکستان کو ڈبو رہے ہیں اسی لیے پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے کہ ان کو گھر بھیجنا ملک بچانے کے لیے ضروری ہے۔

سینیٹ انتخابات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہم اس لیے حصہ لیں گے کیونکہ اگر ہم نے سینیٹ کو کھلا چھوڑا تو حکومت دو تہائی اکثریت لاسکتی ہے اور اس کے ذریعے دوبارہ آئین کا حلیہ بدلنے کا آغاز کرسکتے ہیں، 58 ٹوبی واپس لاسکتے ہیں، 18 ویں ترمیم کو واپس لے سکتے ہیں اورملک کے پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں بدل سکتے ہیں۔