عمران خان نے کہا ہے کہ ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی قائدین پی ٹی آئی کے اہم ترین مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت عمران خان نے کی۔
اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مجرموں کو ملنے والے این آر او اور تازہ ترین آڈیو لیکس سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور امپورٹڈ حکومت کی جانب سے شرانگیزی اور تشدد کے امکانات پر بھی نہایت تفصیل سے غور کیا گیا۔
اس موقع پر اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر نہایت مفصل مشاورت کی گئی، تاریخ کے اعلان کے بعد بیک وقت کئی ایک حکمتِ عملی نکات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا اور حتمی تاریخ کے اعلان سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ذمہ داران کو اہداف سونپ دیے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ پشاور ریجن اور فیصل آباد ڈویژنز میں بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کیلئے اور عوام کیلئے دوسرے قانون کی روایت ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے، قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد رستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این آر اوز قانون کی حکمرانی کیلئے زہرِ قاتل، قوم پر مسلط بحرانوں کا حقیقی سبب ہیں، کرپٹ اور مجرم گروہ کیخلاف فیصلہ کن تحریک کا مرحلہ آن پہنچا ہے، بھرپور عوامی تائید و شرکت پاکستان کو غلامی و محکومی کے شکنجے سے آزاد کروانے کیلئے لازم ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بدترین مہنگائی، معاشی بربادی اور چوروں کے شکنجے سے نجات کیلئے عوام میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے، جلد تاریخی کانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا۔