پشاور: ضمنی الیکشن کے پیش نظر ریسکیو 1122 اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پشاور، چارسدہ، مردان میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ریسکیو1122 اہلکار ایمرجنسی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
ڈی جی ریسکیو 1122 نے کہا کہ صوبائی حکومت کیجانب سے بروزی ہفتہ عام تعطیل کے باوجود ریسکیو 1122 اہلکار سٹیشنز میں موجود رہیں گے۔
ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ریسکیو1122 کے 2ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ ریسکیو 1122ایمبولینسز، فائر وہیکلز، میڈیکل ٹیکنشز اور دوسری آپریشنل گاڑیاں مکمل طور پر تیار ہیں۔
ڈی جی ریسکیو 1122 نے مزید بتایا کہ ریسکیو1122 اسپیشل ڈیوٹیوں کے ساتھ ساتھ روز مرہ ایمرجنسیز میں بھی خدمات فراہم کریں گے، عوام الناس کسی بھی ایمرجنسی کے دوران 1122 پر کال کریں۔
الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس آج منعقد ہوا تھا جس دوران اہم فیصلے کئے گئے تھے۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام حلقوں میں ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے جبکہ سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں 16 اکتوبر کو پولنگ ہوگی جبکہ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے اہلکار انتخابات کیلئے سیکیورٹی سرانجام دیں گے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کیلئے تمام انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
حکومت کی بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کیلئے فوج، رینجرز اور ایف سی لگانے کی منظوری
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لئے فوج، رینجرز اور ایف سی لگانے کی منظوری دے دی۔
کراچی میں بلدیاتی اور 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے معاملے پر وزارت داخلہ نے انتخابات میں ایف سی، رینجرز اور پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
الیکشن کمیشن کو وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی موصول ہوگیا ہے۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں پاک فوج کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہوگی جبکہ رینجرز یا ایف سی کے اہلکار تمام پولنگ اسٹیںشنز کے باہر تعینات ہونگے۔
مراسلے میں بتایا گیا کہ ضمنی انتخابات کے لئے تعیناتیاں 15 تا 17 اکتوبر تک ہونگی جبکہ الیکشن کمیشن کی ڈیمانڈ کی مطابق اہلکار فراہم کیے جائیں گے۔