فواد چودھری نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت کے پارلیمان سے خطاب کی نہایت تاریخی اور دستوری اہمیت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت کے پارلیمان سے خطاب پر وزراء کے بیانات پر مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چودھری نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ صدرِمملکت کے خطاب پر وزراء کے بیانات حکومتی گراوٹ کی انتہاء کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت کے خطاب پر وزیروں کے بیانات سے ظاہر ہے کہ یہ ٹولہ اخلاقیات سے کس قدر عاری اور محروم ہے۔
فواد چودھری نے یہ بھی کہا کہ صدرِمملکت کا خطاب تہذیب، شائشتگی اور جامعیت کا مرقّع تھا، صدرِ مملکت کے پارلیمان سے خطاب کی نہایت تاریخی اور دستوری اہمیت ہے۔
مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں لاقانونیت کے فروغ کیلئے کمربستہ گروہ ہر جمہوری و دستوری روایت پامال کررہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاست، جمہوریت اور حکومت کا ان مجرموں کے ہاتھوں میں گِر جانا نہایت بدقسمتی ہے، دفاع کے وزیر کو اقامہ رکھتے ہوئے شرم نہیں آئی، اب اس سے حیا کی توقع کیسے کرسکتے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ پارلیمان ہی کیا یہ شخص سرِعام اداروں خصوصاً عسکری اداروں اور قیادت کے بارے میں بدزبانی کرتا رہا، دوسرے وزیر کے ہاتھ ماڈل ٹاؤن کے معصوموں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
مرکزی سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چودھری نے مزید کہا کہ آئین و قانون ہی نہیں سماجی اخلاقیات کو بچانا ہے تو بےشرموں کے اس گروہ کو سیاست و حکومت سے الگ کرنا ہوگا، قوم فیصلہ کر بیٹھی ہے کہ جس روز انتخاب ہوں گے سیاسی و حکومتی نظام ان آلائشوں سے پاک ہوگا۔