شہباز گل پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوا، رانا ثناء اللہ

وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ کی حیثیت سے تصدیق کرتا ہوں کہ شہبازگل پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوا۔

رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  شہبازگل نے نجی چینل پر فکس پروگرام کیا، انہوں نے نجی چینل پر عمران خان کے بیانیے کو بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہبازگل نے قومی اداروں کے اہلکاروں و افسران کو اکسایا، پچھلے 10دن سے شہبازگل کے معاملے پر تماشا لگا ہوا ہے۔

‘سازش اور بیانیے کو ریاست قبول نہیں کریگی’

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ شہبازگل کی گرفتاری کے 10 گھنٹے کے اندران کو عدالت میں پیش کیا، ان پر تشدد کی باتیں وہ کررہا ہے جس کو اپنا کیا یاد نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سازش اور بیانیے کو ریاست قبول نہیں کریگی، وزیرداخلہ کی حیثیت سے تصدیق کرتا ہوں کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 17تاریخ کو جب ان کا دوبارہ ریمانڈ دیا گیا تو حالت خراب ہوئی، اس میں تشدد کی بنیاد پر صحت کی خرابی سامنے نہیں آئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 6 دن اڈیالہ جیل اور 3 دن پولیس کسٹڈی میں رہے، ن لیگ بطور جماعت کسی قسم کے تشدد کے خلاف ہے۔

‘پی ٹی آئی کا بیانیہ ملک دشمن ایجنڈا ہے’

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ ملک دشمن ایجنڈا ہے، سانحہ لسبیلہ کے شہداء کے خلاف پی ٹی آئی نے مہم چلائی، شہداء کے لواحقین کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

Best Car Accident Lawyer