شریف خاندان منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ہے، شیریں مزاری

شیریں مزاری نےکہا ہے کہ شریف خاندان منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ہے۔

مریم نواز کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے دعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پریشان ہیں، چچا کی عمران خان مخالف سازشیں ناکام ہوتی جارہی ہیں۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نےکہا کہ مریم نواز جانتی ہیں اور قوم کو بھی علم ہےکہ شریف خاندان بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی ڈوریاں ہلانے والوں نے شریفوں اور حواریوں کو وائٹ واش کیا ہے، وائٹ واش ان کی گندگی کو ہمیشہ کے لیے چھپا نہیں سکتا۔

واضح رہے اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں مریم نواز نے کہا تھا کہ میرا پاسپورٹ مجھے واپس کر دیا گیا ہے الحمدُ اللّٰہ، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ پاسپورٹ اس کیس میں 3 سال ضبط رہا جو کیس میرے خلاف کبھی بنا ہی نہیں؟

انہوں نے کہا کہ میرے جلسوں کے خوف سے فتنہ نے مجھے”تفتیش” کے لیے 3 ماہ نیب میں حبسِ بےجاہ اور کوٹ لکھپت جیل میں ڈیتھ سیل میں رکھا، مگر کیس آج تک فائل نہیں ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ فتنہ کی ظلم اور انتقام پر مبنی سیاست کو مٹنا ہی تھا ایک دن کیونکہ یہ قدرت کا اصول ہے، مگر یہ فارن ایجنٹ آج بھی جھوٹ بولنے اور جعل سازی سے باز نہیں آیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ مکافاتِ عمل اور اس کا عبرت ناک انجام اس کے تعاقب میں ہے انشاء اللّٰہ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی افسوس نہیں، اللّٰہ نے بہت ہمت دی انتقام اور ناانصافیوں کا سامنا کرنے کی، اللّٰہ نے مجھے جھکنے نہیں دیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مجھے ظالموں کا شکریہ ادا کرنا ہے کہ انجانے میں میری ایسی ٹریننگ کر گئے کہ میں خود بھی چاہتی تو نہیں کر سکتی تھی، یہ سب اللّٰہ ربّ العزت کے کام ہیں۔

Best Car Accident Lawyer