صوبائی وزیرسندھ شرجیل انعام میمن کو سندھ ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پیپلزپارٹی رہنما شرجیل میمن اور دیگر کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن کے معاملے پرصوبائی وزیر شرجیل میمن کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظورکرتے ہوئے صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن کا نام مستقل ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔
راج علی واحد ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت منظورکرتے وقت نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا، شرجیل میمن کو ملک سے باہر جانے کے لیے بار بار اجازت لینا پڑتی ہے۔
وکیل نے کہا کہ شرجیل میمن ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے پیش ہورہے ہیں۔ عدالت سے استدعا کی کہ شرجیل میمن کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔
نیب اور وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی شرجیل میمن کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کی حمایت کردی۔
عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد شرجیل میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی۔