شادی کے بعد بختاور بھٹو کی گڑھی خدا بخش میں بھٹو خاندان کے مزار پر حاضری

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری رواں برس جنوری کے اواخر میں صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھیں جن کی تقریبات کا بہت چرچا بھی رہا۔

اور اب انہوں نے شادی کے بعد شوہر محمود چوہدری کے ہمراہ گڑھی خدا بخش میں واقع بھٹو خاندان کے مزار پر حاضری دی ہے۔

ان کی شادی جہاں بھٹو و زرداری خاندان میں ایک عرصے بعد خوشی کا وقت تھی وہیں یہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے سب سے زیادہ ہائی پروفائل شادی بھی تھی۔

بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات اور ان کی تیاری سے متعلق تفصیلات جاننے کا بہت بے صبری سے انتظار کیا جارہا تھا اور اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی گئیں۔ نکاح کے موقع پر بختاور بھٹو نے فیشن ڈیزائنر وردہ سلیم کا تیار کردہ لباس پہنا تھا، جو گولڈن اور پنک رنگوں کے امتزاج سے تیار کیا گیا تھا۔

رسمِ حنا کی تقریب کے لیے بختاور بھٹو کا لباس ڈیزائنر زارا شاہجہاں نے تیار کیا تھا اور اجرک کے ڈیزائن کی ان کی مہندی کو بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا۔

بختاور بھٹو کے مہندی کے دوپٹے کی تصویر شیئر کی جس پر ایک اردو نظم ‘وہ لڑکی لال قلندر تھی’ کے اشعار سے کڑھائی ہوئی تھی۔

یہ نظم ان کی والدہ، سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے لیے پڑھی جاتی ہے۔

محمود چوہدری سے شادی کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ گڑھی خدا بخش میں واقع بھٹو خاندان کے مزار پر حاضری دی۔

بختاور بھٹو زرداری نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ خود گاڑی چلارہی ہیں جبکہ ان کے شوہر محمود چوہدری سیلفی لے رہے ہیں۔

انہوں نے اسٹوری میں بتایا کہ وہ اپنی والدہ بینظیر بھٹو کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش جارہی ہیں۔

بختاور بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ خود اور ان کے شوہر محمود چوہدری گڑھی خدا بخش میں موجود ہیں۔

تصاویر میں بختاور بھٹو اور محمود چوہدری ان کے نانا، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر فاتحہ خوانی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں محمود چوہدری نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر گڑھی خدا بخش میں واقع بھٹو خاندان کے مزار کی مختلف تصاویر جاری کیں۔ دونوں نے بختاور بھٹو کی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

خیال رہے کہ گڑھی خدا بخش میں بھٹو خاندان کا آبائی قبرستان موجود ہے جہاں ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو، شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کی قبریں موجود ہیں۔

ہر سال 27 دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر بلاول بھٹو، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو والدہ اور نانا سمیت دیگر کے مزارات پر حاضری دیتے ہیں۔

بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش کے علاقے میں پیپلزپارٹی جلسہ بھی کرتی ہے۔