پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے شادی کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر اہلیہ کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرکے انہیں خصوصی پیغام دیا۔ شاہد آفریدی نے 21 اکتوبر کو اپنی ٹوئٹ میں اہلیہ کے ہمراہ 2 تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ آج بھی وہ اپنی شادی کی سالگرہ بھول چکے تھے مگر ان کی اس غلطی کو ان کی اہلیہ نے معاف کردیا۔
سابق کپتان نے زندگی کے 20 سال ساتھ گزارنے اور ساتھ دینے پر اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ وہ دونوں بچوں کے والدین بنے۔ شاہد آفریدی نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ باتوں کو بھولنے پر معاف کرنا ان کی اہلیہ کی بہترین خصوصیات میں سے ایک خصوصیت ہے۔
شاہد آفریدی کی اہلیہ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں ہر بار اور وقت گزرنے کے بعد شاہد آفریدی کو باتیں اور چیزیں یاد دلانی پڑتی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ اس بات پر خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں شاہد آفریدی جیسا پیار کرنے والا شخص شوہر، دوست اور ہمراز کے طور پر ملا۔ انہوں نے اپنے شوہر کو حیرت انگیز شخصیت کا مالک بھی قرار دیا۔
شاہد آفریدی کی جانب سے شادی کی بیسویں سالگرہ پر اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کرنے اور انہیں مبارک باد دیے جانے پر کئی کرکٹرز نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کرکٹرز کے علاوہ دیگر شخصیات نے بھی شاہد آفریدی اور ان کی اہلیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ساتھ ہی کچھ افراد نے سابق کپتان کو کافی عرصے بعد بیوی کے ساتھ تصویر شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شکر ہے، انہیں بیوی کے ساتھ تصویر شیئر کرنے کا خیال آگیا۔
شاہد آفریدی نے نادیہ شاہد سے 21 اکتوبر 2000 میں شادی کی تھی اور اس وقت شاہد آفریدی کرکٹ کی دنیا کا مقبول نام تھے۔
شاہد اور نادیہ آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں، ان کے ہاں رواں برس فروری میں ہی پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ ان کی پہلے بھی چار بیٹیاں اقصیٰ، عنشہ، اجوا اور اسمارہ تھیں جن میں سے 2 بیٹیوں کی عمر 15 سال سے زائد ہے۔
عام طور پر شاہد آفریدی اپنی ذاتی زندگی یا خاندان سے متعلق زیادہ چیزیں سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتے، تاہم ان کی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں جب کہ ان کی بیٹیاں بھی ٹی وی کے بعض پروگرامات میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔ شاہد آفریدی کی رواں برس سوانح حیات ’گیم چینجر‘ بھی سامنے آئی تھی، جس میں انہوں نے اگرچہ ذاتی زندگی اور خاندان سےمتعلق تذکرہ کیا تھا، تاہم اس باوجود انہوں نے زیادہ تر کرکٹ پر بات کی تھی۔
’گیم چینجر‘ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ‘انہوں نے معاشرتی اور مذہبی وجوہات کے باعث یہ فیصلہ کیا تھا کہ ان کی بیٹیاں عوامی سطح کے کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گی اور ان کی اہلیہ نے ان کی اس بات سے اتفاق کیا تھا’۔
خود عوامی سطح پر کھیلنے والے کھلاڑی کی جانب سے بیٹیوں کے لیے ایسے خیالات رکھنے پر شاہد آفریدی کو شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
تاہم اس باوجود شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ وہ والد ہونے کی حیثیت سے اپنی بیٹیوں کے لیے فیصلے کر سکتے ہیں۔