’دل موم کا دیا’ اداکارہ نیلم منیر اگرچہ ڈراموں اور فلموں میں بولڈ کردار کرتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم حقیقی زندگی میں وہ شادی سے قبل کسی طرح کی محبت اور ملاقاتوں پر یقین نہیں رکھتیں۔
نیلم منیر نے فوشیا میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں شادی، آئیڈیل شریک حیات، محبت اور زندگی سمیت اپنے کیریئر اور سماج سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی۔
میزبان رابعہ مگنی کی جانب سے شادی کے لیے آئیڈیل شریک حیات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں ایسے افراد پسند ہیں جو اپنے اہل خانہ کی عزت کریں۔
نیلم منیر کے مطابق جو شخص اپنی والدہ سمیت خاندان کے دیگر افراد اور ان کی والدہ سمیت دیگر اہل خانہ کی عزت کرتا ہے، انہیں ایسے ہی افراد پسند ہیں۔
اداکارہ وضاحت کی کہ شادی ہونے کے بعد سب کچھ چلتا ہے مگر وہ شادی سے قبل محبت پر یقین نہیں رکھتیں۔
جنس مخالف کی شخصیت کا اندازہ کس طرح لگاتی ہیں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نیلم منیر نے بتایا کہ انسان کے بات کرنے اور چلنے پھرنے کا انداز ہی اس کی شخصیت عیاں کردیتا ہے۔
’رانگ نمبر’ اداکارہ کے مطابق خصوصی طور لڑکیاں کسی بھی شخص سے ملتے وقت ان کے بات کرنے کے انداز، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے سے ہی ان کی شخصیت کا اندازہ لگا لیتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی مرد کی شخصیت جانچنے کے لیے انہیں نہیں گھورتیں بلکہ ان کےبات کرنے کے انداز، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے کے انداز سے ان کی شخصیت کا پتا لگاتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے کیریئر کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ان اپنے کرداروں میں سب سے زیادہ ’دل موم کا دیا’ ڈرامے کا کردار ’علفت’ پسند ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایسا بہت بار ہوچکا ہے کہ انہوں نے کسی ڈرامے یا دوسرے منصوبے میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے لیکن بعد ازاں اس میں تھوڑی سی تبدیلیاں کیے جانے کے بعد انہوں نے مذکورہ ڈرامے میں کام کیا مگر انہوں نے ایسے ڈراموں کے نام بتانے سے گریز کیا۔
نیلم منیر نے اپنے مرد مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ اچھے سے اچھے کی تلاش میں کبھی بہت ہی معصوم شخصیت کو گنوا دیتے ہیں، ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ دارالامان اور ایدھی سینٹرز جاکر یتیم لڑکیوں سے شادیاں کرکے ان کی زندگی بدلیں تو بہت اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کا کوئی بھائی ہوتا تو وہ انہیں بھی یہی مشورہ دیتیں کہ دارالامان کی کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے ان کا سہارا بنیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر وہ لڑکا ہوتیں تو وہ بھی کسی یتیم لڑکی سے شادی کرکے ان کا سہارا بنتیں۔
ساتھ ہی نیلم منیر نے مرد حضرات کو بیواہ اور طلاق یافتہ خواتین سے بھی شادیاں کرنے کی تجویز دی۔
خیال رہے کہ نیلم منیر نے 2010 میں اداکاری کی شروعات ڈراموں اور ٹیلی فلموں سے کی تھی اور اب تک وہ 3 درجن سے زائد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔
نیلم منیر نے 2017 میں ’چھپن چھپائی’ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ ’رانگ نمبر 2’ اور ’کاف کنگنا’ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
نیلم منیر نے ’کاف کنگنا’ میں ’خوابوں میں جب میں پاکستان گئی رے’ آئٹم سانگ بھی کیا تھا۔