شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ انتخابات کرانےکے لیے وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں دستور میں 26ویں ترمیم کا بل پیش کردیا۔
اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں حکومت نے سینیٹ انتخابات سے متعلق آئینی ترمیم پیش کردی۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے 26 ویں آئینی ترمیم بل کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ اس موقع پر اپوزیشن نے شور شرابا کیا اور اراکین نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔
بل میں سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے، دہری شہریت کے حامل شہریوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کی ترامیم شامل ہیں۔ وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہو، آئین پڑھ لیا کریں آئین میں ترمیم لانا کیا غیر آئینی ہے، آپ لوگوں کی کیا عقل ہے۔ اپوزیشن نے شور کرتے ہوئے آوازیں لگائیں کہ حلالہ نہیں ہونے دیں گے۔
اجلاس میں قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹ بھی پیش کی جائیں گی اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود یونیورسٹی آف اسلام آباد کے قیام کا بل بھی پیش کریں گے۔