سیلاب کی تباہ کاریوں کی کوئی حد نہیں، مولانا فضل الرحمان

جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی کوئی حد نہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی کارروائیوں سے متعلق اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ٹانک، تونسہ اور ڈیرہ غازی خان سمیت پورا ملک پانی میں ہے، ڈی سی ٹانک کا گھر پانی میں گھرا ہوا ہے۔ دیہاتوں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔

‘لوگ درختوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں’

فضل الرحمن نے کہا کہ لوگ درختوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، انتظامیہ اور حکومت ہر لحاظ سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، مقامی سطح پر نوجوان بھی میدان میں آئیں، امدادی کارروائیاں تیز کر دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کھانے پینے خیمے اور دیگر اشیائے ضروریہ پہنچائی جائے، میں اس وقت اپنے گاؤں میں ہوں اور ڈی آئی خان شہر نہیں جا پا رہا، اللہ تعالی کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے، حکومت سے شکایت کرنے کے بجائے اللہ کی طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے۔

‘امدادی کارروائیوں کو ذاتی اختلافات کے بھینٹ نہ چڑھایا جائے’

انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں، امدادی کارروائیوں کو ذاتی اختلافات کے بھینٹ نہ چڑھایا جائے، اس معاملے پر سیاست کے بجائے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمت کی جائے، این ڈی ایم اے اور فوجی ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ تمام کارکنوں کو ہدایت کر دی ہیں کہ کوئی گھر میں نہ بیٹھے اور متاثرین کی امداد میں مصروف ہو جائیں، جہاں جہاں پر لوگ متاثر ہیں وہاں جا کر جو ان کے پاس مہیا ہو مدد پہنچائے، راشن بھیجنے کے بجائے تیار کھانا بھجوانا چاہیے۔

Best Car Accident Lawyer