وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے سلسلے کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو خیموں، اشیاءِ خوردنوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین کو فوری طور پر 25 ہزار روپے فی خاندان فلڈ ریلیف کیش پہنچانے کا انتظام کیا جائے، سیلاب متاثرین کی مدد میں کسی بھی قسم کا تعطل یا غفلت کسی صورت منظور نہیں۔
شہباز شریف نے ہدات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سروے کی تکمیل اور مکمل بحالی تک سیلاب متاثرین کی فوری مدد میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے، سیلاب سے متاثرہ انفرا اسٹرکچر کو متاثرہ جگہوں تک امداد پہنچانے کیلئے بحال کیا جائے۔
وزیرِ اعظم نے پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، بلوچستان حکومت اور وزارتِ منصوبہ بندی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی بھی ملاقات ہوئی۔
وزیر اعلی بلوچستان نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے سلسلے کے نتیجے میں سیلاب سے نقصانات اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
ملاقات میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور متعلقہ اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔