قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد پر وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، ملک میں سیلابی تباہی کے مناظر دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے۔
‘بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے’
نواز شریف نے کہا کہ سیلاب کے باعث ہزاروں افراد لقمہ اجل جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، بلاشبہ حالیہ سیلاب بہت بڑی قدرتی آفت ہے، قدرتی آفت کا شکار لوگ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے منتظر ہیں۔
‘پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے’
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی بھرپور معاونت کا اور زخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیرحضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہو، پوری قوم اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرے۔
‘مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی’
انہوں نے کہا کہ مریم نواز بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو دکھی لوگوں کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔