سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ایوان بالاء اپنا کردار ادا کرے گا، چیئرمین سیںٹ

چیئرمین سینیٹ نےکہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے ایوان بالاء اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی ملاقات ہوئی جس میں ملک بھرمیں حالیہ بارشوں اورسیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین سینیٹ کوصوبہ بلوچستان میں سیلاب اور اس کے بعد کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بلوچستان کی صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

صادق سنجرانی نےکہا کہ پوری قوم کومل کر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا، سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے ایوان بالاء اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کے علاوہ انفرادی طور پر ہر شخص اور فلاحی تنظیموں کو بھی امداد اور بحالی کےکاموں میں حصہ لینا چاہیے، انشاءاللہ جلد اس مشکل صورتحال پر قابو پالیں گے۔

 بارشیں اور سیلاب؛ 3 لاکھ سے زائد گھر تباہ، 1191 اموات

ملک بھرمیں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث 3 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اورسيلاب سے مزيد 27 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد ایک ہزار 191 ہوگئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اورسيلاب سے سندھ میں مجموعی طور پر 422 اموات ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 253، خيبرپختونخوا میں 264، پنجاب میں 188 ، گلگت بلتستان میں 22 اور آزاد کشمیر میں  41 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ملک بھر میں بارشوں اورسيلاب سے مزید87 افراد زخمى بھی ہوئے جس کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 641 ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اورسيلاب سے 3لاکھ 72 ہزار823گھر تباہ ہوئے جبکہ جزوى طور پر7لاکھ 33 ہزار 536 گھروں کو نقصان پہنچا۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 243 پلوں اور 173 دکانوں کو حاليہ بارشوں سے نقصان پہنچا جبکہ 5063 کلو ميٹر سڑک بھی متاثر ہوئی۔

این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 7 لاکھ 31 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن:

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے جاری ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے تحت سیلاب متاثرین کی دادرسی کے لئے پاک فوج کی ہیلپ لائن مصروف عمل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے لئے آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور دیگر علاقوں کے لئے 1135 کام کر رہی ہیں تاہم شہری کسی بھی مدد کے لئے آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے دوران متاثرہ علاقوں سے اب تک 50 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے جبکہ مختلف میڈیکل کیمپس میں 51 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج معالجہ، 2 سے 3 روز کی مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہے۔

آرمی ایوی ایشن ونگ کا ریسکیو آپریشن:

آئی ایس پی آر کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آرمی ایوی ایشن ونگ بھی مصروف عمل ہے ۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے 1087 افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی، 72 ٹن امدادی سامان کی فراہمی جاری ہے ۔

Best Car Accident Lawyer