ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیگی۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر بنیادی ضرورت کی اشیاء کی فراہمی کو وافر مقدار میں یقینی بنانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت ، بیرسٹر مرتضی وہاب، وفاقی وزیر صنعت مخدوم مرتضی، وفاقی سیکریٹری صنعت، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز اور پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی مہرین بھٹو بھی شریک تھے۔
اس موقع سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے تمام ضلعی ڈپٹی کمشنرز کے پاس فنڈز دستیاب ہیں جس سے یوٹیلٹی اسٹورز سے اشیائے ضرورت خریدی جائینگی۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضرورت خرید کر سیلاب متاثرین کو فراہم کی جائینگی، وفاقی حکومت نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروادی ہے۔
بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیگی، متاثرین سیلاب ہمارے بہن بھائی ہیں تکلیف میں ہم انکا سہارا بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑے پیمانے پر بارشوں سے تباہی ہوئی ہے، مخیر حضرات بھی کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرین کو امداد پہنچا رہی ہے، ہمارے وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداران میدان عمل میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہروں اور دیہاتوں سے پانی کی نکاسی کے کام کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔