بولی وڈ بابا سنجے دت کے حوالے سے گزشتہ ہفتے سے خبریں ہیں کہ انہیں تیسرے یا چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہوگیا ہے، تاہم تاحال انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔
سنجے دت میں کینسر کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے ابتدائی طور پر 11 اگست کو خبریں شائع کی تھیں، جن میں کچھ رپورٹس میں اداکار کو تیسرے جب کہ کچھ میں انہیں چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہونے کا بتایا گیا تھا۔
سنجے دت میں کینسر کی تشخیص کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب وہ ایک روز قبل ہی سانس میں تکلیف کے باعث 2 دن تک ہسپتال میں رہنے کے بعد ڈسچارج کیے گئے تھے۔
سنجے دت کو 8 اگست کو اچانک سانس لینے میں مشکلات پیش آئی تھیں، جس کی وجہ سے انہیں ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ دو دن تک زیر علاج رہے تھے۔
اسی روز ہی بھارتی میڈیا نے ان میں کینسر کے تیسرے اور چوتھے درجے کی تشخیص کی خبریں دیں اور ایک دن بعد اداکار کی اہلیہ نے بھی شوہر میں بیماری کی تصدیق کی مگر انہوں نے بھی کینسر کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔
خبریں تھیں کہ ممکنہ طور پر اداکار بیرون ملک علاج کروانے جائیں، تاہم تاحال وہ بھارت میں ہی ہیں اور بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر وہ ممبئی کے نجی ہسپتال سے علاج کر وا رہے ہیں۔
سنجے دت کو ممبئی کے کوکیلابن ہسپتال میں جاتے اور باہر آتے ہوئے دیکھا گیا اور خیال ظاہر کیا جا رہا کہ وہ فی الحال ممبئی سے ہی علاج کروا رہے ہیں۔
بعض رپورٹس کے مطابق سنجے دت مکمل مشوروں اور بیماری کی نوعیت معلوم ہونے کے بعد چند دنوں میں بیرون ملک روانہ ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
دوسری جانب سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیوں کہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے۔
اسنجے دت آنے والی رومانٹک تھرلر فلم سڑک 2 سمیت کم از کم نصف درجن فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے، جن میں سے دو فلمیں تو ریلیز کے لیے تیار ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر سنجے دت کی آنے والی فلموں پر بولی وڈ فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں اور ان کی بیماری کے بعد فلم ساز پریشان ہیں کہ ان کی فلموں کا کیا ہوگا؟
سنجے دت کی فلم سڑک 2، تورباز اور بھج ریلیز کیے لیے تیار ہیں اور سڑک 2 کو تو رواں ماہ 28 اگست کو آن لائن ریلیز کردیا جائے گا، جب کہ باقی دونوں فلموں کی بھی جلد ریلیز کا اعلان متوقع ہے۔
مذکورہ تینوں فلموں کے علاوہ سنجے دت کی فلمیں شمشیرا، پرتھوی راج اور کے جی ایف چیپٹر 2 نامی کنڈا زبان کی فلمیں بھی شوٹنگ کے آخری مراحل میں تھیں جبکہ ان فلموں میں سنجے دت کا کردار انتہائی اہم ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی فلم تورباز اور سڑک 2 کو ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا اور اسی طرح ان کی دیگر فلموں پر بھی بولی وڈ فلم سازوں نے کافی رقم خرچ کر رکھی ہے۔
فلمی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہیں کہ اگر سنجے دت کی بیماری اور علاج طویل ہوا تو مذکورہ فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے اور فلمی سرمایہ کاروں کی رقم کافی عرصے تک ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔