وزیراعظم نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد سے ملاقات ہوئی، سعودی وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹرایشیا ڈاکٹر سعود اے الشمری نے کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے لوگوں کے لئے دوسرے گھر جیسا ہے اور پاکستانی بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جاسکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح سے مدد کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔