قمر زماں کائرہ نے کہا ہے کہ ہم سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے سانحہ کارساز کی 15 ویں برسی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ کارساز کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہداء نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی میں لاکھوں افراد محترمہ بینظیر بھٹو کے شاندار استقبال کے لیے نکلے اور سانحہ کے باوجود عوام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ کھڑے رہے، ہم شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت نہیں بھلا سکتے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 180عظیم جیالوں کا خون بہایا گیا، پاکستان کی بقاء، سلامتی اور آئین کی بالادستی کے لیے کارکنوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں ملتان اور کراچی سے پاکستان پیپلز پارٹی نے شاندار فتح حاصل کی ہے۔