زرعی شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہےکہ زرعی شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کو گندم اور روغنی اجناس کے لئے زرعی بیجوں اور کھاد پر سبسڈی کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت میراسداللہ بلوچ ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبد الباسط، سیکرٹری خزانہ محمد ہاشم غلزئی اور سیکرٹری زراعت سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں حالیہ سیلابی بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو فوری طور پر ریلیف کی فراہمی کے لیے زرعی بیجوں اور کھاد پر سبسڈی سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت تمام متاثرہ اضلاع میں چھ ہزار بلڈوزر گھنٹے متاثرہ کسانوں کو فراہم کرے گی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے متاثرہ کسانوں کو زرعی بیجوں پر 70 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے، کھادوں اور سولر سسٹم کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت 50 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ گندم اور روغنی اجناس سمیت دیگر اجناس کے لئے 71 ہزار ٹن سے زائد زرعی بیجوں کی ضرورت ہے جبکہ صوبائی حکومت اس وقت متاثرہ اضلاع کے کسانوں کو 15 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ اضلاع کے کسانوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان زرعی شعبے کو پہنچا ہے، نہری نظام سمیت ٹیوب ویل اور سولر سسٹم بھی متاثر ہوئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کی جلد بحالی کرکے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ زرعی شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت ترجیحی بنیادوں پر کاشتکاروں  کے مسائل حل کرے گی۔

Best Car Accident Lawyer