رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ وہ اداکار کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 6 ستمبر کو ریا چکربورتی سے تقریبا 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جہاں انہوں نے کئی حیران کن انکشافات کیے۔
رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی نے اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے اپنے بھائی شووک چکربورتی کے ذریعے منشیات خریدتی رہی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ سشانت سنگھ منشیات کے عادی تھی اور وہ بعض مرتبہ فلم کی شوٹنگ پر بھی منشیات منگواتے تھے اور کئی بار وہ شوٹنگ پر منشیات ساتھ لے جاتے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں، تاہم انہوں نے خود کبھی منشیات استعمال نہیں کی، البتہ وہ سگریٹ پیتی رہی ہیں۔ نارکوٹکس بیورو حکام نے ریا چکربورتی سے گرفتار کیے گئے تین افراد کے آمنے سامنے تفتیش کی۔
نارکوٹکس حکام نے ریا چکربورتی سے اپنے گرفتار بھائی شووک چکربورتی کے سامنے بھی سوالات کیے جب کہ حکام نے ان سے سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی کے سامنے بھی پوچھ گچھ کی۔ سشانت سنگھ کے منیجر سیموئل مرنڈا نے اداکارہ کے سامنے کہا کہ وہ ان کی ہدایت پر ہی اپنے باس کے لیے منشیات کا انتظام کرتے تھے۔
نارکوٹکس حکام نے اداکارہ سے سشانت سنگھ کے باورچی دیپیش ساونت کے سامنے بھی پوچھ گچھ کی۔ سشانت سنگھ کے باورچی نے نارکوٹکس حکام کو بتایا تھا کہ اداکارہ خود بھی منشیات استعمال کرتی رہی ہیں۔
اسی حوالے سے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نارکوٹکس حکام نے 6 ستمبر کو اداکارہ سے کئی گھنٹوں تک تفتیش کی، تاہم اس باوجود انہیں 7 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریا چکربورتی نے نارکوٹکس حکام کے سامنے کئی اہم بولی وڈ شخصیات کے نام بھی بتائے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اداکارہ نے بولی وڈ کی اہم اور بااثر شخصیات کے نام کس سلسلے میں لیے اور کن شخصیات کے نام لیے گئے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی رہائش گاہ پر نشے کی پارٹیاں منعقد ہوتی رہی ہیں، جن میں کئی اہم بولی وڈ شخصیات بھی شرکت کرتی رہی ہیں۔
ریا چکربورتی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سشانت سنگھ 2016 میں کیدرناتھ فلم کی شوٹںگ کے دوران بھی منشیات ساتھ لے کر جاتے تھے اور شوٹنگ پر سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان بھی موجود رہتی تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے کیس کی تفتیش سینٹرل بیورو آف انٹیلی جنس (سی بی آئی) کر رہی ہے، تاہم کیس میں منشیات اور منی لانڈرنگ کا معاملہ آنے پر سی بی آئی نے نارکوٹکس اور منی لانڈرنگ ایجنسیوں سے مدد طلب کی تھی۔
منی لانڈرنگ ایجنسی پہلے ہی ریا چکربورتی سے پوچھ گچھ کر چکی ہے، جب کہ سی بی آئی نے بھی ان سے مسلسل 4 دن تک تفتیش کی تھی۔
اب ان سے نارکوٹکس بیورو کےحکام تفتیش کر رہے ہیں اور نارکوٹکس بیورو نے اداکارہ کے بھائی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر اور باورچی کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے۔
ریا چکربورتی پر الزام ہے کہ انہوں نےجہاں سشانت سنگھ کو ذہنی طور پر پریشان کیا،وہیں وہ انہیں منشیات بھی دیتی رہیں اور اب خود انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اداکارہ کے لیے منشیات کا استعمال کرتی رہی ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت نے رواں برس 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی، تاہم اب ان کے کیس میں منشیات کا معاملہ آنے سے معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے اور ہر روز نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔