وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان اور کسان اتحاد کے نمائندوں کے مابین مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد کسان اتحاد کے نمائندوں نے احتجاجی دھرنا ختم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں کسان نمائندوں نے اپنے تمام مطالبات سامنے رکھے ہیں، ان پر عمل درآمد کے لئے بین الوزراء کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
کامیاب مذاکرات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خالد حسین باٹھ نے جو باتیں کی ہیں اور جو احوال بتایا ہے وہ درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اگلے ہفتے یا دس دن میں ہماری حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف صاحب کسان پیکج اناؤنس کرنے جا رہے ہیں، کسان پیکج سے ملک کو، کسان کو اور زراعت کو بہت فائدہ ہوگا جبکہ ملک میں کسان پیکج سے مزید پیداوار بھی بڑھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج جو وزیراعظم ہاؤس میں بات چیت ہوئی ہے اس میں کسانوں نے یہ مطالبہ رکھا کہ موجودہ بلوں کی ادائیگی مؤخر کردی جائے، یہ مطالبہ ہم نے پہلے ہی تسلیم کرلیا تھا، آج انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ یہ بل ہم ادا نہیں کرسکتے اس کی قسطیں کی جائیں جو وزیراعظم نے منظور کرلیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیول پرائس اڈجسٹ سے متعلق بھی وزیراعظم نے سیکٹری پاور کو ہدایت جاری کی ہے اور وزیراعظم نے یہ حکم دیا ہے جو انہوں نے قطر میں اعلان کیا تھا اس کے مطابق ان کے بلوں کو دوست کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسان ہمارے بھائی ہیں یہ ہمارے مہمان تھے اس لیے ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کی لیکن جو دھرنے عمران خان لے کر آ رہے ہیں وہ فتنہ ہے اس کے متعلق آج ایک میٹنگ کی ہے اس کا تسلی بخش علاج کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کے دھرنے سے نمٹنے کے لیے آرٹیکل 245 کے تحت فورس کو بلائیں گے۔ رینجر، ایف سی، اسلام آباد پولیس سب ہونگے اور عمران خان خاطر جمع رکھیں ان کی بہت اچھے سے خاطر تواضع کریں گے۔
اس موقع پر کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام دوستوں اور کسان عہدیداروں کا مشکور ہوں، ہمارے کسانوں کے ساتھ مزاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، اب ہم نے اکھٹے بیٹھ کر مسئلے حل کرنے ہیں۔
کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے مزید کہا کہ اب جو لوگ ہم سے بات کریں گے وہ یہاں ٹھریں اور باقی کسان بھی مزید تکلیف برداشت نہ کریں اپنا دھرنا ختم کریں اور خوشی خوشی گھر جائیں، میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔