انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 236رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا اکثر حصہ بارش سے متاثر ہوا ہے اور آج بھی میچ میں بارش کی توقع ہے۔
پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 223رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے سے دوبارہ شروع کی تو محمد رضوان اور نسیم شاہ کھیل رہے تھے۔ محمد رضوان نے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی اور نسیم کے ساتھ مل کر اسکور کو 236تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر اسٹورٹ براڈ کی ایک گیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے اور یوں پاکستان کی پہلی اننگز اختتام کو پہنچی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 72 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ عابد علی نے 60 اور بابر اعظم نے 47رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ واضح رہے کہ ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ مستقل بارش سے ماتثر ہوا ہے اور ابتدائی تین دن کے دوران 90 اوورز کا کھیل بھی ممکن نہیں ہو سکا۔ میچ کا تیسرا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ میچ کے بقیہ دو دن بھی ابر آلود موسم اور بارش کی پیش گوئی ہے۔